بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو تفصیلی جواب جمع کرا دیا
بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے آئی سی سی کو ایک مفصل خط ارسال کرتے ہوئے تمام سوالات کے جوابات شواہد کے ساتھ پیش کر دیے ہیں اور اس میں حکومتی مؤقف اور سرکاری بیانات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بی سی بی نے اپنے خط میں صرف قومی ٹیم ہی نہیں بلکہ میڈیا نمائندوں، شائقین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی سکیورٹی اور ویزوں سے متعلق خدشات بھی اٹھائے ہیں۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ ان پہلوؤں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور عالمی ایونٹ میں شرکت سے پہلے واضح یقین دہانی ضروری ہے۔
بی سی بی نے آئی سی سی کو آگاہ کیا کہ حالیہ پیش رفت، خصوصاً مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالے جانے کے بعد، بنگلادیش میں سخت ردعمل پیدا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں بورڈ نے بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم بھیجنے سے انکار کیا تھا۔
خط میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ عالمی کرکٹ میں شفافیت، کھلاڑیوں اور آفیشلز کے تحفظ اور منصفانہ رویے کا خواہاں ہے، اور ان امور پر تسلی بخش پیش رفت کے بغیر کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ میں شرکت ممکن نہیں ہو گی۔