پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا میچ آج دمبولا میں کھیلا جائے گا

0

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ آج دمبولا میں کھیلا جائے گا، جہاں قومی ٹیم پہلے میچ کی شاندار فتح کے بعد سیریز میں اپنی برتری مضبوط بنانے کے لیے میدان میں اترے گی۔

بدھ کی شب کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان کے اسپنرز نے فیصلہ کن کردار ادا کیا تھا۔ شاداب خان نے 25 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار احمد نے 25 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر سری لنکن بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ فیلڈنگ میں کچھ خامیاں رہیں، تاہم بولنگ کے آغاز نے ٹیم کو کھیل پر کنٹرول دلایا۔ ان کے مطابق اسٹمپس پر بھرپور اٹیک اور بعد ازاں اسپنرز کا درست استعمال میچ کے ٹرننگ پوائنٹس ثابت ہوئے۔

ہیسن نے بتایا کہ ٹیم کے پاس شاداب خان اور محمد نواز جیسے باصلاحیت آل راؤنڈرز موجود ہیں جو مختلف آپشنز فراہم کرتے ہیں، اور گزشتہ چھ ماہ میں بولرز کی بہتری پر خاص توجہ دی گئی ہے، جس کے باعث اب سلیکشن کے فیصلے بھی مشکل ہو گئے ہیں۔

بیٹنگ لائن کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے بگ بیش لیگ میں مصروف بابر اعظم کو ٹیم کے توازن کے لیے اہم قرار دیا اور کہا کہ بابر جیسے کھلاڑی اسٹرروک پلیئرز سے بھرپور لائن اپ کو جوڑ کر رکھتے ہیں، جس سے ٹیم کو ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹس میں بہتر کارکردگی دکھانے کا اعتماد ملتا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.