ترکیہ کا شامی حکومت کی درخواست پر حلب میں تعاون کی پیشکش کا اعلان
ترکیہ نے کہا ہے کہ اگر شام کی جانب سے مدد کی باضابطہ درخواست موصول ہوئی تو وہ شمالی شام کے شہر حلب میں حالیہ جھڑپوں کے تناظر میں ضروری تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ بات ترک وزارت دفاع نے جمعرات کو ایک بریفنگ کے دوران بتائی۔
العربیہ اردو کے مطابق وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ حلب میں پیش آنے والی تازہ جھڑپوں کے بعد ترکیہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور شامی حکومت کی جانب سے مدد طلب کیے جانے کی صورت میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
دوسری جانب ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر نعمان قورتولموش نے انقرہ میں پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ایک علیحدہ بیان میں کہا کہ ترکیہ شام میں ہونے والی پیش رفت پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھے ہوئے ہے اور موجودہ صورتحال انتہائی نازک ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ترکیہ حلب میں جھڑپوں کے فوری خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے ہر قسم کی معاونت کے لیے تیار ہے۔
رپورٹس کے مطابق شمالی شام کے شہر حلب میں منگل اور بدھ کو ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم چار افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ہزاروں شہری اپنے گھروں سے نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔