غزہ کی پٹی کے انتظام کے لیے آزاد کمیٹی کی تشکیل کی منتظر ہیں: حماس
حماس نے کہا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کے مختلف شعبوں کی نگرانی کے لیے آزاد فلسطینی شخصیات پر مشتمل ایک انتظامی کمیٹی کی تشکیل کے آغاز کی منتظر ہے، جو اختیارات کی منتقلی کے عمل میں سہولت فراہم کرے گی۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ حماس اور دیگر فلسطینی دھڑوں کے درمیان اس بات پر اتفاق ہو چکا ہے کہ غزہ کے انتظام کے لیے ایک آزاد کمیٹی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حماس اس عمل کو آسان بنانے اور کمیٹی کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں معاونت فراہم کرنے کے لیے کام کرے گی، تاہم تنظیم مستقبل کے کسی بھی انتظامی سیٹ اپ میں براہِ راست کردار ادا نہیں کرے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مصری دارالحکومت قاہرہ اگلے ہفتے حماس کے ایک وفد کی میزبانی کرے گا جہاں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے اور مجوزہ انتظامی کمیٹی کے ناموں پر بات چیت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ فلسطینی دھڑوں نے گزشتہ برس مارچ میں قاہرہ میں ایک معاہدے کے تحت فیصلہ کیا تھا کہ غزہ کے مقامی اور آزاد افراد پر مشتمل ایک عارضی انتظامی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ایک مقررہ مدت کے لیے خدماتی اور انتظامی امور کی نگرانی کرے گی۔
گزشتہ اتوار کو بھی قاہرہ میں فلسطینی نائب صدر حسین الشیخ کی سربراہی میں وفد کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں جن میں غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال اور جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر غور کیا گیا۔ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی 10 اکتوبر 2025 کو نافذ ہوئی تھی جس کے پہلے مرحلے میں قیدیوں کا تبادلہ، انسانی امداد کی فراہمی اور کچھ علاقوں سے اسرائیلی افواج کا انخلا شامل تھا۔
دوسرے مرحلے کی تجاویز میں غزہ سے مکمل اسرائیلی انخلا، تعمیرِ نو کا آغاز، ایک عبوری حکمران ادارے کی تشکیل اور حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاملہ شامل ہے، جس کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دسمبر 2025 کے آخر میں جلد پیش رفت پر زور دے چکے ہیں۔