ایران کا اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل کو خط، امریکی پالیسیوں کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دے دیا
ایران نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایک باضابطہ خط ارسال کرتے ہوئے امریکی پالیسیوں کو عالمی امن اور بین الاقوامی قانون کے لیے خطرہ قرار دے دیا ہے۔
اقوامِ متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اپنے خط میں کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران کے اندر عدم استحکام پھیلانے کی کوششوں کو سختی سے مسترد کیا جاتا ہے اور یہ اقدامات اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا کہ امریکی اقدامات غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ ہیں، جبکہ واشنگٹن کی پالیسیاں خطے کے ساتھ ساتھ عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کر رہی ہیں۔
ایرانی سفیر نے الزام عائد کیا کہ امریکا اسرائیل کے ساتھ مل کر اشتعال انگیزی اور تشدد کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے، جو خطے میں کشیدگی میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔