ایران میں مظاہرین کی ہلاکتوں پر فرانس، برطانیہ اور جرمنی کی مذمت
فرانس، برطانیہ اور جرمنی نے ایران میں جاری مظاہروں کے دوران مظاہرین کی ہلاکتوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور ایرانی سیکیورٹی فورسز پر تشدد کے الزامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق تینوں یورپی ممالک کے سربراہان — فرانسیسی صدر، برطانوی وزیراعظم اور جرمن چانسلر — نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ایرانی سیکیورٹی اہلکاروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی آبادی کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
مشترکہ بیان میں ایرانی حکام پر زور دیا گیا کہ وہ عوام کو پرامن اجتماع اور آزادیٔ اظہار کے بنیادی حقوق فراہم کریں اور مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کریں۔
تینوں ممالک نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ ایران کے ساتھ رابطے جاری رکھیں گے تاکہ صورتحال کو بگڑنے سے روکا جا سکے اور انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنایا جا سکے۔