سعودی عرب نے عازمین حج 2026 کے لیے شرائط و سہولیات کی حتمی شکل دینے کا منصوبہ تیار کر لیا
ریاض – سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے عازمین حج 2026 کے لیے شرائط اور خدمات کی حتمی شکل دینے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ العربیہ کے مطابق یہ منصوبہ نسک (NAQS) کے ذریعے نافذ کیا جائے گا تاکہ مختلف ممالک کے عازمین کے حج پروگرام، فراہم کی جانے والی خدمات، انتظامات اور حج سے متعلق اخراجات کا جائزہ لیا جا سکے۔
وزارت حج کے مطابق اس اقدام کا مقصد عازمین حج کو اپنی مرضی کے مطابق اختیارات فراہم کرنا اور قبل از وقت سرکاری حکام سے حج کی بکنگ کروانے میں آسانی پیدا کرنا ہے۔ اس سلسلے میں ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جن میں حج پیکجز کا موازنہ، آن لائن قسطوں کی سہولت، اور سرکاری طور پر منظور شدہ حج خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی فہرست تک رسائی شامل ہے۔
وزارت حج نے عازمین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی معلومات اور دستاویزات کی درستگی کو یقینی بنائیں اور اپنے خاندان کے ارکان کو بھی رجسٹریشن کے عمل میں شامل کریں تاکہ تصدیق کے امور آسان اور درخواستوں کی منظوری تیز ہو سکے۔
وزارت حج نے واضح کیا کہ نسک ہی حج خدمات کا واحد سرکاری طور پر منظور شدہ پلیٹ فارم ہے اور بلا اجازت کام کرنے والی غیر منظور شدہ کمپنیوں سے خبردار کیا گیا ہے۔ تمام ڈیپازٹس اور بکنگ اسی پلیٹ فارم کے ذریعے ہی کی جانی چاہیے تاکہ عازمین کے حقوق اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ اعلان صرف ان ممالک پر لاگو ہوگا جو براہ راست حج پروگرام میں شامل ہیں۔