پی ایس ایل 11 کا ڈرافٹ 30 جنوری کو متوقع، لیگ 8 ٹیموں پر مشتمل ہوگی
لاہور – پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں سیزن کے ڈرافٹ کی ممکنہ تاریخ سامنے آ گئی ہے اور ذرائع کے مطابق یہ ڈرافٹ 30 جنوری کو منعقد ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل مینجمنٹ ڈرافٹ سے قبل تمام انتظامی اور تکنیکی معاملات جلد مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ فرنچائزز کو کھلاڑیوں کے انتخاب میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔ ڈرافٹ میں تمام 8 فرنچائزز کے مالکان، کوچز اور نمائندے شرکت کریں گے، کیونکہ اس سیزن سے لیگ 6 کے بجائے 8 ٹیموں پر مشتمل ہو گئی ہے۔
ڈرافٹ کی تاریخ اور مقام کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا تاہم ذرائع کے مطابق یہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران ایک دن کے وقفے میں منعقد کیا جائے گا۔ حالیہ اطلاعات کے مطابق ڈرافٹ جنوری کے آخری ہفتے میں اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے۔
ادھر غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن ونڈو پہلے ہی کھولی جا چکی ہے جو 20 جنوری 2026 تک جاری رہے گی۔
پی ایس ایل کا 11واں سیزن 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک جاری رہے گا، جبکہ نئی فرنچائزز حیدرآباد اور سیالکوٹ کی شمولیت سے لیگ کی دلچسپی اور مسابقت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔