پنجاب میں شدید دھند کے ڈیرے، موٹروے کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند
لاہور: شدید دھند کے باعث موٹروے پولیس سنٹرل ریجن نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیشِ نظر پنجاب کی مختلف اہم موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔
ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم-2 لاہور سے کوٹ مومن تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔
جبکہ موٹروے ایم-3 فیض پور سے رجانہ، موٹروے ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان اور موٹروے ایم-5 ملتان سے روہڑی تک بھی دھند کے باعث مکمل طور پر بند ہیں۔
اسی طرح موٹروے ایم-11 لاہور سے سمبڑیال تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق قومی شاہراہ پر لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، کسوال اور اقبال نگر میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے، جبکہ میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں اور بہاولپور میں بھی دھند کی صورتحال برقرار ہے۔
اسی طرح احمد پور شرقیہ، ترنڈہ محمد پناہ، اقبال آباد، رحیم یار خان اور صادق آباد میں دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہے۔