پی سی بی کا ملتان سلطانز کو بھی نیلام کرنے کا فیصلہ، اوپن بڈنگ کا اعلان متوقع
لاہور — پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کو بھی نیلام کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اس سے قبل پی ایس ایل 11 میں ملتان سلطانز کے معاملات خود چلانے کا اعلان کیا تھا، تاہم تازہ پیش رفت کے تحت اب فرنچائز کی فروخت کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی پی سی بی کی توقعات سے کہیں بہتر رہی، جس کے بعد بورڈ نے ملتان سلطانز کی آکشن کا فیصلہ کیا۔ نئی ٹیموں کی ریکارڈ قیمت اور سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی نے پی سی بی کو اس اقدام پر آمادہ کیا ہے۔
پی سی بی حکام کے مطابق ملتان سلطانز کو فروخت کرنے کے لیے موجودہ وقت کو انتہائی موزوں سمجھا جا رہا ہے۔ فرنچائز کی اوپن بڈنگ ہوگی، جس کے لیے جلد اشتہار جاری کیا جائے گا، جبکہ قانونی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق دو نئی فرنچائزز کی کامیاب فروخت اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے بعد متعدد خریدار ملتان سلطانز لینے کے خواہشمند سامنے آ چکے ہیں۔ پی سی بی کو امید ہے کہ ملتان سلطانز بھی آکشن میں اچھی اور مسابقتی قیمت پر فروخت ہوگی۔
واضح رہے کہ حالیہ آکشن میں پی سی بی نے پی ایس ایل کی دو نئی ٹیمیں فروخت کیں، جس کے بعد پی ایس ایل 11 میں ٹیموں کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی ہے۔ نئی شامل ہونے والی ٹیموں میں حیدرآباد اور سیالکوٹ شامل ہیں، جبکہ پی ایس ایل 11 کی ڈرافٹ 30 جنوری کو ہونے کا امکان ہے۔