عمانی وزیر خارجہ کا تہران دورہ، ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن پر مشاورت

0

عمان کے وزیر خارجہ بدر ابوسعیدی نے تہران کا دورہ کر کے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے دوران ایران اور عمان کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سفارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر غور کیا گیا۔ فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید وسعت دی جائے گی۔

اس موقع پر عمانی وزیر خارجہ بدر ابوسعیدی نے کہا کہ عمان خطے میں امن اور استحکام کے لیے ایران کے ساتھ مثبت اور تعمیری روابط برقرار رکھے گا، جبکہ علاقائی مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری کو ترجیح دی جائے گی۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عمان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمانی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران علاقائی امن، باہمی تعلقات اور موجودہ صورتحال پر مفید اور اہم گفتگو ہوئی ہے۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں ایران، امریکا اور اسرائیل سے جڑے معاملات پر کشیدگی پائی جاتی ہے اور سفارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.