او آئی سی کا صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے نام نہاد اسرائیلی اقدام کو مسترد کرنے کا اعلان

0

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے حوالے سے اسرائیل کے نام نہاد اقدام کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

سعودی عرب میں جاری صومالی لینڈ تنازع پر او آئی سی وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ تنظیم صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتی ہے اور صومالی لینڈ سے متعلق اسرائیلی اقدام عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ ولید بن عبدالکریم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ صومالیہ کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو مسترد کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صومالی حکومت بات چیت کے ذریعے خطے کے ممالک کو متحد کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے نفاذ پر بھی زور دیا۔

فلسطینی وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین صومالیہ کی اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ سرحدوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کا اسرائیلی اقدام بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔

صومالی وزیر خارجہ نے اجلاس میں واضح کیا کہ صومالیہ اپنی زمین کو کسی بھی ملک کے استعمال کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کے مطابق صومالیہ کی سرحدوں کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی دراصل ملک کی خودمختاری پر حملہ ہے اور نام نہاد صومالی لینڈ وفاقی جمہوریہ صومالیہ کا اہم اور ناقابلِ تقسیم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی الزامات اور اقدامات صومالیہ کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

ترکیہ کے نمائندے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کا نام نہاد اقدام ناقابل قبول ہے اور ترکیہ صومالیہ کے اتحاد اور خودمختاری کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.