کوہلی نے سنگاکارا کا ریکارڈ توڑ کر انٹرنیشنل کرکٹ میں دوسرا بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا
بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ویدودارا میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو جیت کے لیے 301 رنز کا ہدف دیا۔ بھارت نے ہدف باآسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا جبکہ ویرات کوہلی کو 93 رنز کی میچ وننگ اننگز پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ویرات کوہلی نے 91 گیندوں پر 93 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اس اننگز کے ساتھ ہی وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔
میچ سے قبل کوہلی کے انٹرنیشنل رنز کی تعداد 27 ہزار 975 تھی اور وہ تیسرے نمبر پر موجود تھے، تاہم اس اننگز کے بعد ان کے مجموعی رنز 28 ہزار 68 ہو گئے جبکہ کمار سنگاکارا 28 ہزار 16 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلے گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بدستور سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے مجموعی طور پر 34 ہزار 357 رنز اسکور کیے ہیں۔ اس فہرست میں آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ 27 ہزار 483 رنز کے ساتھ چوتھے جبکہ سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے 25 ہزار 957 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
اس کے علاوہ ویرات کوہلی کی ون ڈے کرکٹ میں مین آف دی میچ ایوارڈز کی تعداد بھی 45 ہو گئی ہے۔ اس فہرست میں سچن ٹنڈولکر 62 اور سنتھ جے سوریا 48 مین آف دی میچ ایوارڈز کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔