کراچی – پاکستان فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اور ہمہ جہت اداکار بہروز سبزواری کے فنی کیریئر کے 50 سال مکمل ہونے پر شوبز سے وابستہ نامور فنکاروں، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات نے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
بہروز سبزواری کے اعزاز میں لائف اسٹائل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام سی ویو پر واقع ایک معروف ریسٹورنٹ میں پروقار اور شاندار تقریب منعقد کی گئی، جس میں شوبز ستاروں کی کہکشاں سجی نظر آئی۔ تقریب کی خاص بات تھائی لینڈ، آسٹریلیا اور روس کے قونصل جنرلز کی خصوصی شرکت تھی، جس نے اس تقریب کو بین الاقوامی رنگ دے دیا۔
تقریب میں فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی نمایاں شخصیات جاوید شیخ، بشریٰ انصاری، سلیم شیخ، روبینہ اشرف، شبیر جان، نبیل ظفر، شہروز سبزواری، صدف کنول، شہزاد نواز، ڈاکٹر رافیہ رفیق، امجد شاہ، ایاز خان، ڈاکٹر سکندر مطرب، افضال اڈھیہ، سلیم جاوید اور ڈاکٹر فاروق ستار سمیت دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر بہروز سبزواری نے اپنے 50 سالہ فنی سفر کی تکمیل کی خوشی میں کیک کاٹا۔ سینئر اداکار جاوید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہروز سبزواری ایک سچے فنکار ہی نہیں بلکہ ایک بہترین انسان بھی ہیں، جو ہمیشہ اپنے ساتھی فنکاروں کے دکھ سکھ میں شریک رہتے ہیں۔ اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ بہروز سبزواری نے اپنے اخلاق، خلوص اور فن سے ہر دل میں جگہ بنائی ہے اور وہ شوبز انڈسٹری کی ایک ہر دل عزیز شخصیت ہیں۔
اداکارہ روبینہ اشرف نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بیماری کے دوران بہروز سبزواری نے ذاتی طور پر وہیل چیئر پر انہیں ہسپتال پہنچایا، جو ان کی انسان دوستی اور خلوص کی روشن مثال ہے۔ فلم اسٹار سلیم شیخ نے کہا کہ فن کے میدان میں نصف صدی تک مسلسل خدمات انجام دینا کوئی آسان کام نہیں، وہ بہروز سبزواری کو اس شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
اپنے تاثرات میں بہروز سبزواری نے کہا کہ یہ دن ان کی زندگی کے یادگار دنوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر لائف اسٹائل جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور اپنے تمام دوستوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلموں اور ڈراموں میں بے شمار کردار نبھائے، تاہم ’قباچہ‘ کا کردار ان کی شناخت بن گیا۔
اداکار شبیر جان نے کہا کہ بہروز سبزواری کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس اور ستارۂ امتیاز جیسے اعلیٰ سول اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح موسیقی میں مختلف گھرانے پہچانے جاتے ہیں، اسی طرح پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں بہروز سبزواری اور جاوید شیخ کا گھرانہ ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔
تقریب کے دوران بہروز سبزواری کے 50 سالہ شاندار فنی سفر پر مبنی ایک خصوصی شوریل بھی پیش کی گئی، جسے امجد شاہ نے ترتیب دیا تھا۔ محبت، احترام اور خلوص سے بھرپور یہ یادگار تقریب خوبصورت لمحات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
