واشنگٹن – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے تجارت کرنے والے ممالک کے خلاف نئی معاشی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے تمام ممالک پر امریکا کی جانب سے 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق یہ اقدام فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی ملک ایران کے ساتھ کسی بھی نوعیت کی تجارتی سرگرمی میں ملوث پایا گیا، اس ملک کی امریکا کے ساتھ ہونے والی تمام تجارت پر 25 فیصد اضافی ٹیرف لاگو کر دیا جائے گا۔
اس سے قبل امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران نے جوہری معاہدے پر مذاکرات کے لیے رابطہ کیا ہے اور امریکا اس حوالے سے بات چیت پر آمادہ ہو سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا سے واشنگٹن ڈی سی جاتے ہوئے اپنے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے، جن میں فوجی کارروائی کا امکان بھی شامل ہے۔
صدر ٹرمپ کے اس اعلان کو ایران پر دباؤ بڑھانے کی ایک نئی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، جس کے خطے اور عالمی معیشت پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔
