ایرانی جوابی کاروائی کا خطرہ: امریکی اہلکاروں کو قطر ایئربیس خالی کرنے کی ہدایت
دوحہ – قطر میں قائم امریکا کے سب سے بڑے فوجی اڈے العدید ایئربیس کے اہلکاروں کو اڈہ خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ بات تین سفارتکاروں نے مغربی خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتائی ہے، جس سے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خدشات مزید گہرے ہو گئے ہیں۔
سفارتکاروں کے مطابق امریکی اہلکاروں کو عارضی طور پر پوزیشن تبدیل کرنے کا کہا گیا ہے، تاہم اسے باضابطہ انخلاء کا حکم قرار نہیں دیا گیا۔ ایک سفارتکار کا کہنا تھا کہ انہیں اس اقدام کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کے آغاز میں قطر پر اسرائیلی حملے کے دوران بھی امریکی اہلکاروں کو العدید ایئربیس عارضی طور پر خالی کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
دوسری جانب دوحہ میں امریکی سفارت خانے نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے، جبکہ وزارت خارجہ قطر نے بھی روئٹرز کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔
العدید ایئربیس مشرق وسطیٰ میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے، جہاں تقریباً 10 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں اور یہ خطے میں امریکی فوجی کارروائیوں کا مرکزی کمانڈ سینٹر سمجھا جاتا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ایک سینئر ایرانی اہلکار نے حال ہی میں روئٹرز کو بتایا تھا کہ ایران نے خطے کے ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر امریکی حملہ ہوا تو خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے اور اہداف نشانے پر ہو سکتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق العدید ایئربیس سے اہلکاروں کی ممکنہ نقل و حرکت اس بات کی نشاندہی ہو سکتی ہے کہ امریکا خطے میں کسی بھی غیر متوقع صورتحال کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کر رہا ہے۔