ایران میں پھانسیوں کا کوئی منصوبہ نہیں، صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے: ایرانی وزیر خارجہ

0

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ ایران میں مظاہرین کو پھانسی دینے کا کوئی منصوبہ موجود نہیں اور اس حوالے سے قیاس آرائیوں کی کوئی بنیاد نہیں۔

امریکی ٹیلی ویژن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران میں امن قائم ہے اور صورتحال مکمل طور پر حکومتی کنٹرول میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پھانسیوں کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ مظاہروں میں شامل بعض عناصر کو بیرونِ ملک سے کنٹرول کیا جا رہا تھا اور ان گروہوں نے داعش طرز کی دہشت گرد کارروائیاں انجام دیں۔ عباس عراقچی کے مطابق ان عناصر نے پولیس اہلکاروں کو زندہ جلانے جیسے سنگین جرائم کا ارتکاب کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جون میں کی گئی غلطی دوبارہ نہ دہرائی جائے، بصورت دیگر نتائج پہلے جیسے ہی ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عزم اور حوصلے کو بمباری کے ذریعے توڑا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو اس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بعض یورپی ممالک کی جانب سے مختلف نوعیت کے خطرات کا سامنا ہے، تاہم ایران کسی بھی دباؤ کے سامنے جھکنے والا نہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.