ایران میں ہلاکتیں رک گئی ہیں، گرفتار مظاہرین کو پھانسی نہیں دی جائے گی: صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں ہلاکتوں کا سلسلہ رک چکا ہے اور زیرِ حراست مظاہرین کو پھانسی دینے کا کوئی منصوبہ اب موجود نہیں۔
اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں انتہائی معتبر ذرائع سے معلومات موصول ہوئی ہیں جن کے مطابق ایران میں آج کئی پھانسیوں کا پروگرام تھا، تاہم اب وہ نہیں ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران میں پھانسیوں کا کوئی منصوبہ نہیں رہا۔
ایک صحافی کے سوال پر کہ آیا ایران کے خلاف امریکی کارروائی اب خارج از امکان ہے، صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے طرزِعمل کو دیکھیں گے اور اس کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن کو ایران کی جانب سے مثبت اور معتبر پیغام موصول ہوا ہے۔
دریں اثنا، وینزویلا سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے بتایا کہ راز افشا کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق پینٹاگون کے ایک کنٹریکٹر کو وینزویلا سے متعلق آپریشن کی خفیہ معلومات لیک کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔