قابلِ اعتراض بیانات: بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی ڈائریکٹر نظم الاسلام کے خلاف ڈسپلنری کارروائی شروع

0

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بورڈ کے ایک رکن کے حالیہ قابلِ اعتراض بیانات پر ڈسپلنری کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

بی سی بی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 48 گھنٹوں کے اندر جواب طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ معاملے کی حتمی تکمیل تک تمام قانونی اور ضابطہ جاتی کارروائی مکمل کی جائے گی۔

بی سی بی کے مطابق اس وقت بنگلا دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور یہ ایونٹ نہ صرف بنگلا دیش کرکٹ بلکہ ملکی و غیر ملکی شائقین کے لیے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ بورڈ نے امید ظاہر کی ہے کہ تمام کھلاڑی اور متعلقہ فریقین پیشہ ورانہ رویہ اختیار کریں گے اور لیگ کی کامیاب تکمیل میں تعاون کریں گے۔

واضح رہے کہ بی سی بی کے ڈائریکٹر نظم الاسلام نے حالیہ بیانات میں ورلڈ کپ کے ممکنہ بائیکاٹ کی صورت میں کھلاڑیوں کو مالی ازالہ نہ دینے سمیت سخت اور متنازع الفاظ استعمال کیے تھے، جس پر کھلاڑیوں میں شدید ردعمل سامنے آیا۔

اس سے قبل بنگلا دیش کے کرکٹرز نے نظم الاسلام کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر انہوں نے عہدہ نہ چھوڑا تو وہ کرکٹ کی تمام سرگرمیوں کا بائیکاٹ کریں گے۔

بی سی بی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ تمام کارروائی شفافیت اور طے شدہ ضابطوں کے مطابق مکمل کی جائے گی تاکہ کھیل اور لیگ پر کسی قسم کا منفی اثر نہ پڑے۔

دوسری جانب کرکٹ ویب سائٹس کے مطابق کھلاڑیوں کی جانب سے بائیکاٹ کی دھمکی کے بعد بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے میچز متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.