امریکا سے مذاکرات ناکام، ڈنمارک نے نیٹو اتحادیوں کے ساتھ گرین لینڈ میں فوجی تعیناتی شروع کر دی

0

واشنگٹن / کوپن ہیگن  – امریکا کی جانب سے گرین لینڈ خریدنے یا اس پر اثر و رسوخ بڑھانے کی بار بار خواہش کے اظہار کے بعد امریکا، ڈنمارک اور گرین لینڈ کے درمیان ہونے والا اعلیٰ سطح سہ فریقی اجلاس کسی ٹھوس پیش رفت کے بغیر اختتام پذیر ہو گیا، جس کے فوراً بعد ڈنمارک نے نیٹو اتحادیوں کے تعاون سے گرین لینڈ میں فوجی تعیناتی کا آغاز کر دیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈنمارک کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ “آپریشن آرکٹک اینڈیورنس” کے تحت گرین لینڈ اور اس کے اطراف میں فوجی موجودگی کو نمایاں طور پر مضبوط کیا جا رہا ہے۔ اس آپریشن میں جرمنی، فرانس، ناروے اور سویڈن سمیت متعدد نیٹو ممالک حصہ لے رہے ہیں۔

ڈنمارک کی وزارتِ دفاع کے مطابق اس اقدام کا مقصد آرکٹک خطے میں دفاعی صلاحیت میں اضافہ، اہم انفراسٹرکچر کا تحفظ، مقامی خودمختار حکومت کی معاونت، اور فضائی و بحری آپریشنز کی استعداد کار کو بہتر بنانا ہے۔

تاہم دفاعی اور سفارتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس فوجی سرگرمی کو امریکا کی جانب سے گرین لینڈ پر دعوؤں اور بیانات کے تناظر میں واضح طاقت کے مظاہرے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو آرکٹک خطے میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی اور اسٹریٹجک کشیدگی کی عکاسی کرتا ہے۔

گرین لینڈ، جو قدرتی وسائل اور اسٹریٹجک محلِ وقوع کے باعث عالمی طاقتوں کی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے، حالیہ برسوں میں امریکا، روس اور چین کے درمیان خاموش مقابلے کا میدان بن چکا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.