بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ڈائریکٹر نظم الاسلام کو عہدے سے ہٹا دیا

0

ڈھاکا – بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بورڈ ڈائریکٹر اور فنانس کمیٹی کے چیئرمین نظم الاسلام کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ یہ فیصلہ حالیہ متنازع بیانات اور کھلاڑیوں کے شدید ردِعمل کے بعد کیا گیا۔

بی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد، کھیل کے بہترین مفاد میں بی سی بی کے صدر نے نظم الاسلام کو ان کے عہدے سے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ کے مطابق یہ اقدام بی سی بی کے آئین اور ضابطۂ اخلاق کے عین مطابق اٹھایا گیا ہے۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ نظم الاسلام کی برطرفی کے بعد بی سی بی کے صدر فنانس کمیٹی کے قائم مقام چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

بی سی بی نے اپنے اعلامیے میں امید ظاہر کی ہے کہ تمام فریقین پروفیشنلزم، نظم و ضبط اور قومی مفاد کو ترجیح دیں گے۔ بورڈ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کھلاڑی بنگلادیش پریمیئر لیگ میں بھرپور شرکت کر کے لیگ کے تسلسل اور بنگلادیش کرکٹ کی مجموعی بہتری کو یقینی بنائیں گے۔

بی سی بی کے مطابق نظم الاسلام کے خلاف قابلِ اعتراض بیانات پر ڈسپلنری کارروائی کا عمل بھی ضابطے کے تحت شروع کیا جا چکا تھا، اور تازہ فیصلہ اسی عمل کا تسلسل ہے تاکہ کرکٹ پر کسی بھی قسم کا منفی اثر نہ پڑے

واضح رہے کہ بنگلادیش کے کرکٹرز نے نظم الاسلام کے قابلِ اعتراض بیانات پر سخت احتجاج کرتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ اگر نظم الاسلام کو عہدے سے نہ ہٹایا گیا تو وہ کرکٹ سرگرمیوں کے بائیکاٹ پر مجبور ہو جائیں گے، جس سے بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.