متحدہ عرب امارات کی اقوام متحدہ کے انسانی حقوق دفتر کو 15 لاکھ ڈالر مالی معاونت
جنیوا – متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر (OHCHR) کو اپنے مختلف پروگراموں اور سرگرمیوں کے لیے 15 لاکھ امریکی ڈالر کی رضاکارانہ مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اماراتی خبررساں ایجنسی وام کے مطابق یہ اقدام اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے نظام کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی مستقل وابستگی اور عالمی سطح پر انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فنڈنگ OHCHR کے مینڈیٹ کے مطابق مختلف پروگراموں میں استعمال کی جائے گی، جن میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اقدامات بھی شامل ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس مالی تعاون کے ذریعے بچوں، بزرگوں، خواتین اور دیگر افراد کے حقوق کے فروغ کی کوششوں کو تقویت ملے گی، اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے نظام کو مضبوط بنانے اور رکن ممالک کو معاونت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
متحدہ عرب امارات کا یہ اقدام اقوام متحدہ کے ساتھ تعمیری شراکت داری اور انسانی حقوق کے فروغ میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے عالمی عزم کی حمایت کی تصدیق ہے۔