یمن کے وزیراعظم سالم صالح بن بریک مستعفی، وزیر خارجہ ڈاکٹر شائع الزندانی نئے وزیر اعظم مقرر
عدن – یمن کے وزیراعظم سالم صالح بن بریک نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، جسے یمن کی صدارتی قیادت کونسل نے منظور کر لیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق استعفیٰ منظور ہونے کے بعد وزیر خارجہ ڈاکٹر شائع محسن الزندانی کو ملک کا نیا وزیر اعظم مقرر کر دیا گیا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن میں سیاسی عدم استحکام اور سکیورٹی صورتحال مسلسل پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔ دسمبر میں متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ علیحدگی پسند تنظیم، جنوبی عبوری کونسل (STC) نے یمن کے جنوبی اور مشرقی علاقوں کے بڑے حصے پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی عبوری کونسل کی پیش قدمی کے نتیجے میں علیحدگی پسند عناصر سعودی عرب کی سرحد کے قریب پہنچ گئے تھے، جس پر سعودی عرب نے اسے اپنی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی تبدیلی خطے میں جاری سیاسی و عسکری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے اثرات یمن کے داخلی استحکام اور علاقائی سیاست پر مرتب ہو سکتے ہیں۔