ایران پر حملہ نہ کرنے کے لیے کسی نے مجھے قائل نہیں کیا، خود فیصلہ کیا: ٹرمپ
واشنگٹن – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر فوجی حملہ نہ کرنے کے فیصلے کے لیے کسی ملک یا رہنما نے انہیں قائل نہیں کیا بلکہ یہ فیصلہ انہوں نے خود کیا۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے صدر ٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا عرب ممالک یا اسرائیلی قیادت نے انہیں ایران پر حملہ نہ کرنے پر آمادہ کیا؟
اس پر ٹرمپ نے واضح جواب دیتے ہوئے کہا “کسی نے مجھے قائل نہیں کیا، میں نے خود اپنے آپ کو قائل کیا۔”
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہیں اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ ایران میں گزشتہ روز تقریباً 800 افراد کو پھانسی دی جانی تھی، تاہم بعد میں کسی کو بھی پھانسی نہیں دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ“اس فیصلے کا بہت بڑا اثر پڑا، اور میں نے اسے ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا۔”
امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ایرانی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ٹرمپ نے لکھا کہ وہ اس بات کی قدر کرتے ہیں کہ جن افراد کو پھانسی دیے جانے کی اطلاعات تھیں، اب انہیں سزا نہیں دی جا رہی۔