بنگلہ دیش کا آئی سی سی وفد میں شامل بھارتی اہلکار کو ویزا دینے سے انکار
ڈھاکا — بنگلہ دیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وینیوز سے متعلق معاملات پر بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والے آئی سی سی وفد میں شامل بھارتی اہلکار کو ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے، جس کے بعد ایونٹ کے انتظامی معاملات پر نئی سفارتی اور کرکٹ سطح کی کشیدگی سامنے آ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کا دو رکنی وفد ورلڈ کپ کے ممکنہ وینیوز اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والا تھا۔ تاہم بنگلہ دیشی حکام نے وفد میں شامل بھارت سے تعلق رکھنے والے سینئر ایگزیکٹو کو ویزا جاری نہیں کیا۔
آئی سی سی وفد میں ہیڈ آف اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی اینڈریو ایپہگریو اور ایک بھارتی سینئر ایگزیکٹو شامل تھے۔ بنگلہ دیش نے صرف اینڈریو ایپہگریو کو ویزا فراہم کیا، جو دو روزہ دورے پر آج ڈھاکا پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق اس دورے کا بنیادی مقصد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وینیوز کی ممکنہ تبدیلی اور سیکیورٹی انتظامات پر بات چیت کرنا تھا، خاص طور پر اس تناظر میں کہ بنگلہ دیش پہلے ہی سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت نہ جانے کا اعلان کر چکا ہے۔
کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ بھارتی اہلکار کو ویزا نہ ملنا نہ صرف آئی سی سی کے لیے ایک انتظامی چیلنج بن سکتا ہے بلکہ ورلڈ کپ کے شیڈول اور وینیوز سے متعلق فیصلوں میں مزید تاخیر کا سبب بھی بن سکتا ہے۔