اسرائیل کا غزہ بورڈ کی تشکیل مسترد، وزیراعظم آفس کا وائٹ ہاؤس اعلان سے لاتعلقی کا اظہار
تل ابیب — اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے واضح کیا ہے کہ غزہ کے لیے مجوزہ بورڈ کی تشکیل کے حوالے سے اسرائیل سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا اور اسرائیلی حکومت اس بورڈ کو مسترد کرتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم بین یامین نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ بورڈ کا قیام اسرائیلی حکومت کی پالیسی کے منافی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی وزیر خارجہ گڈیون سار اس معاملے کو جلد ہی اپنے امریکی ہم منصب مارکو روبیو کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں اٹھائیں گے تاکہ اسرائیلی مؤقف واضح کیا جا سکے۔
وائٹ ہاؤس کے اعلان پر اسرائیلی ردعمل
یہ ردعمل ایسے وقت سامنے آیا ہے جب وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کے تحت مجوزہ بورڈ آف پیس اور غزہ کے بعد از جنگ انتظامی ڈھانچے میں شامل ارکان کے ناموں کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔
اسرائیلی وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کا بورڈ نہ تو اسرائیل کی منظوری سے تشکیل دیا گیا اور نہ ہی اس پر پیشگی مشاورت کی گئی، اس لیے اسرائیل اسے تسلیم نہیں کرتا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اسرائیلی حکومت کا یہ مؤقف غزہ کے مستقبل، سیکیورٹی انتظامات اور بعد از جنگ حکمرانی کے معاملے پر واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان ممکنہ اختلافات کی نشاندہی کرتا ہے۔