سعودی شاہی خاندان کے رکن شہزادہ بندر بن عبداللہ آل سعود انتقال کر گئے

0

ریاض – سعودی عرب کے شاہی ایوان نے شاہی خاندان کے رکن شہزادہ بندر بن عبداللہ بن عبدالرحمن آل سعود کے انتقال کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق شہزادہ بندر بن عبداللہ گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے، تاہم ان کی وفات کی وجہ سے متعلق کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

شاہی ایوان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد از نماز عصر ریاض کی جامع مسجد امام ترکی بن عبداللہ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شاہی خاندان کے افراد، اعلیٰ حکومتی شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی۔

رپورٹس کے مطابق نماز جنازہ میں ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز بھی شریک ہوئے، جبکہ دیگر شہزادگان، سرکاری عہدیداران اور معزز شخصیات نے بھی مرحوم کو آخری الوداع کہا۔

شاہی ایوان کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی گئی اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں سعودی شاہی خاندان کو ایک سے زائد شخصیات کے انتقال کا صدمہ برداشت کرنا پڑا ہے۔ گزشتہ ماہ بھی شاہی خاندان کے رکن شہزادہ عبداللہ بن فہد بن عبداللہ بن عبدالعزیز کا بیرون ملک انتقال ہوا تھا، جس پر سعودی قیادت کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا تھا۔

سعودی عرب میں شاہی خاندان کے افراد کی وفات پر سرکاری سطح پر تعزیتی بیانات جاری کیے جاتے ہیں اور نماز جنازہ میں اعلیٰ حکام کی شرکت روایت کا حصہ سمجھی جاتی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.