فیفا سیریز 2026: پاکستان ویمنز فٹ بال ٹیم کے گروپ کا اعلان، آئیوری کوسٹ پول میں شامل
لاہور/زیورخ – فیفا سیریز 2026 کے لیے پاکستان ویمنز فٹ بال ٹیم کے گروپ کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت قومی خواتین ٹیم کو آئیوری کوسٹ گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے مطابق پاکستان کی ویمنز ٹیم اپنے گروپ میں موریتانیا (افریقی کنفیڈریشن) اور ٹرکس اینڈ کیکوس آئلینڈز کے خلاف میچز کھیلے گی۔
فیفا کے زیر اہتمام ویمنز سیریز مارچ اور اپریل 2026 کے دوران منعقد کی جائے گی، جس کے افتتاحی میچز برازیل، آئیوری کوسٹ اور تھائی لینڈ میں کھیلے جائیں گے۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کا مقصد دنیا بھر کی ابھرتی ہوئی ویمنز فٹ بال ٹیموں کو بین الاقوامی مقابلوں کا موقع فراہم کرنا اور عالمی درجہ بندی (فیفا رینکنگ) میں بہتری لانا ہے۔
پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے یہ سیریز نہ صرف بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کا اہم موقع ہوگی بلکہ آئندہ علاقائی اور عالمی مقابلوں کی تیاری میں بھی معاون ثابت ہوگی۔
فیفا اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے مطابق میچز کا مکمل شیڈول، مقامات اور تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔