سعودی عرب: الجوف انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا باقاعدہ افتتاح، فروری سے آزمائشی پروازیں شروع ہوں گی
ریاض ۔ سعودی عرب کے شمالی صوبے الجوف کے گورنر شہزادہ فیصل بن نواف بن عبدالعزیز نے نئے الجوف انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے، جو آئندہ ماہ فروری سے تجرباتی بنیادوں پر آپریشن کا آغاز کرے گا۔
اردو نیوز کے مطابق افتتاحی تقریب کے دوران گورنر الجوف نے ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے اور مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی گورنر شہزادہ متعب بن مشعل بن عبدالعزیز، وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز انجینئر صالح بن ناصر الجاسر، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے صدر عبدالعزیز الدعیلج سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ نے ایئرپورٹ پر فراہم کی جانے والی جدید سہولیات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تمام آپریشنل ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد فروری 2026 سے ایئرپورٹ آزمائشی بنیادوں پر کام شروع کر دے گا۔
انہوں نے کہا کہ الجوف انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے فعال ہونے سے نہ صرف مقامی شہریوں بلکہ غیر ملکی مسافروں کو بھی سفری سہولت میسر آئے گی، جس سے خطے کی معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
سالانہ 10 لاکھ مسافروں کی گنجائش
حکام کے مطابق الجوف ایئرپورٹ کی:
-
سالانہ مسافر گنجائش: 10 لاکھ افراد
-
نئے ٹرمینل کا رقبہ: 24 ہزار مربع میٹر
-
ٹریول کاؤنٹرز: 16
-
ٹریول گیٹس: 11
-
امیگریشن کاؤنٹرز: 5
افتتاحی تقریب کے دوران ایئرپورٹ منصوبے پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جس میں تعمیر، سہولیات اور مستقبل کے آپریشنل منصوبوں کو اجاگر کیا گیا۔
نیا الجوف انٹرنیشنل ایئرپورٹ سعودی عرب کے ویژن 2030 کے تحت فضائی، لاجسٹک اور علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے شمالی علاقوں کی ترقی اور سیاحت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا ہونے کی توقع ہے۔