امریکی جنگی طیارے گرین لینڈ پہنچنا شروع، نوارڈ نے منصوبہ بندی کی تصدیق کر دی
واشنگٹن/کوبن ہیگن – امریکا کے جنگی طیارے گرین لینڈ میں قائم امریکی فوجی اڈے کی جانب روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ یہ اعلان نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفینس کمانڈ (نوارڈ) نے اپنے سوشل میڈیا چینلز پر کیا ہے۔
نوارڈ کے مطابق گرین لینڈ کی حکومت کو طیاروں کی تعیناتی اور منصوبہ بندی سے آگاہ کر دیا گیا ہے، اور تمام کارروائی ڈنمارک حکومت کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت ہو رہی ہے۔ امریکی فورسز کے لیے ضروری سفارتی اجازت نامے بھی حاصل کیے جا چکے ہیں۔
گرین لینڈ دراصل ڈنمارک کا خود مختار علاقہ ہے۔ 1951 میں امریکا اور ڈنمارک کے درمیان گرین لینڈ دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، جس کے تحت امریکا نے اس خطے کو ممکنہ جارحیت سے بچانے کا عزم کیا تھا۔
اسی طرح، امریکا اور کینیڈا نے 1958 میں سرد جنگ کے آغاز پر نوارڈ پر دستخط کیے، جس کا بنیادی مقصد بیلسٹک میزائلوں کی لانچنگ کی بروقت اطلاع فراہم کرنا اور شمالی امریکہ کی فضائی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں کہا تھا کہ دنیا اس وقت تک محفوظ نہیں ہو سکتی جب تک امریکا کے پاس گرین لینڈ پر مکمل اور حتمی کنٹرول نہ ہو۔ انہوں نے ناروے کے وزیرِاعظم یوناس گاہر اسٹورے کو بھیجے گئے پیغام میں واضح کیا کہ نوبیل امن انعام نہ ملنے کے بعد وہ صرف عالمی امن کے بارے میں سوچنے کے پابند نہیں رہیں گے، بلکہ امریکا کی حفاظتی اور دفاعی ترجیحات کو اولین اہمیت دی جائے گی۔