شمالی کوریا: کم جونگ اُن نے نائب وزیراعظم کو برطرف کر دیا، ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر پر حکام کی سرعام سرزنش
پیونگ یانگ — شمالی کوریا کے مرکزی رہنما کم جونگ اُن نے معاشی پالیسی کے ذمہ دار نائب وزیراعظم یانگ سنگ ہو کو عہدے سے برطرف کر دیا اور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر پر حکومتی اہلکاروں کی سرعام سخت سرزنش کی ہے۔
شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اے کے مطابق یہ برطرفی ایک منصوبے کی افتتاحی تقریب کے دوران عمل میں آئی، جہاں کم جونگ اُن نے کہا کہ یانگ سنگ ہو اہم ذمہ داریوں کے اہل نہیں تھے اور ان کی تقرری ایک غلط فیصلہ ثابت ہوئی۔
کم جونگ اُن نے مثال دیتے ہوئے کہا، "گاڑی کھینچنے کے لیے بیل چاہیے، بکری نہیں،” اور نااہل تقرریوں پر اپنی سخت ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کے ذمہ دار حکام کو مایوسی، غیر ذمہ داری اور سُستی کا عادی قرار دیتے ہوئے ان کی کارکردگی پر تنقید کی۔
یہ اقدام شمالی کوریا کی ورکرز پارٹی کی جانب سے نویں پارٹی کانگریس کی تیاری کے دوران سامنے آیا ہے، جس میں اہم قومی پالیسیوں کا اعلان متوقع ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن کا یہ عوامی احتساب پارٹی میں نظم و ضبط سخت کرنے اور کانگریس سے پہلے وارننگ دینے کی کوشش سمجھا جا رہا ہے۔