ٹک ٹاک نے پاکستان میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر 2 کروڑ 81 لاکھ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں

ٹک ٹاک نے پاکستان میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر 2 کروڑ 81 لاکھ سے زائد ویڈیوز حذف کر دیں

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے پاکستان میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے مواد کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 2 کروڑ 81 لاکھ 98 ہزار 284 ویڈیوز حذف کر دی ہیں۔ یہ انکشاف ٹک ٹاک کی تازہ کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 کی تیسری سہ ماہی، جو جولائی سے ستمبر تک کے عرصے پر مشتمل ہے، کے دوران ٹک ٹاک نے پلیٹ فارم کو محفوظ اور ذمہ دار ڈیجیٹل ماحول بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔ اس مدت میں پاکستان میں حذف کی جانے والی ویڈیوز میں سے 99.8 فیصد مواد کو خودکار نظام کے ذریعے شناخت کیا گیا، جبکہ 95.9 فیصد ویڈیوز اپ لوڈ ہونے کے صرف 24 گھنٹوں کے اندر ہٹا دی گئیں۔

ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ جدید خودکار ٹیکنالوجی پلیٹ فارم پر زیادہ تر نگرانی کا کام انجام دیتی ہے، تاہم ایسے معاملات جہاں انسانی فیصلے کی ضرورت ہو، وہاں خصوصی ٹیمیں کردار ادا کرتی ہیں۔ ان میں صارفین کی جانب سے دائر اپیلوں کا جائزہ، ماہرین کی رائے شامل کرنا اور بدلتی ہوئی ڈیجیٹل صورتحال پر فوری ردعمل دینا شامل ہے۔

عالمی سطح پر بھی اسی سہ ماہی کے دوران ٹک ٹاک نے مجموعی طور پر 20 کروڑ 40 لاکھ ویڈیوز حذف کیں، جو پلیٹ فارم پر اپ لوڈ ہونے والے کل مواد کا تقریباً 0.7 فیصد بنتی ہیں۔ ان میں سے 18 کروڑ 66 لاکھ 8 ہزار 81 ویڈیوز خودکار نظام کے ذریعے شناخت ہوئیں، جبکہ مزید 89 لاکھ 50 ہزار 735 ویڈیوز کو بعد ازاں جائزے کے بعد بحال کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پیشگی حذف کرنے کی شرح 99.3 فیصد رہی اور نشاندہی شدہ مواد میں سے 94.8 فیصد ویڈیوز 24 گھنٹوں کے اندر ہٹا دی گئیں۔

اسی عرصے میں ٹک ٹاک نے پلیٹ فارم کی سالمیت برقرار رکھنے کے لیے 11 کروڑ 86 لاکھ 18 ہزار 399 جعلی اکاؤنٹس بھی حذف کیے، جبکہ 2 کروڑ 22 لاکھ 26 ہزار 542 ایسے اکاؤنٹس کو بند کیا گیا جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ 13 سال سے کم عمر صارفین کے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں حذف کی گئی ویڈیوز میں ایک نمایاں حصہ حساس یا بالغ مواد پر مشتمل تھا، جو مجموعی طور پر 30 فیصد بنتا ہے۔ اس کے علاوہ 15.7 فیصد ویڈیوز نے پلیٹ فارم کے تحفظ اور شائستگی کے معیار کی خلاف ورزی کی، جبکہ 2.7 فیصد مواد رازداری اور سیکیورٹی اصولوں کے منافی پایا گیا۔

مزید تفصیلات میں بتایا گیا کہ حذف شدہ مواد میں سے 32.9 فیصد ویڈیوز کو غلط معلومات کے زمرے میں رکھا گیا، جبکہ 34.4 فیصد ویڈیوز کو ترمیم شدہ میڈیا یا مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ مواد کے طور پر شناخت کیا گیا۔

ٹک ٹاک کی یہ رپورٹ اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ پلیٹ فارم نہ صرف نقصان دہ اور غیر معیاری مواد کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے بلکہ صارفین کے لیے ایک شفاف، محفوظ اور قابلِ اعتماد ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کے عزم پر بھی قائم ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے