ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق ہوگا، بنگلادیش کے میچز بھارت میں ہی کھیلے جائیں گے: آئی سی سی

0

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے واضح کیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوگا اور بنگلادیش کے تمام میچز بھارت میں ہی کھیلے جائیں گے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ بورڈ میٹنگ میں سیکیورٹی صورتحال کے تفصیلی جائزے کے بعد کیا گیا۔ جائزے کے مطابق بنگلادیشی کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز، میڈیا نمائندگان اور شائقین کو بھارت کے کسی بھی وینیو پر سیکیورٹی خدشات لاحق نہیں ہیں۔

آئی سی سی بورڈ کے اراکین کا مؤقف ہے کہ ٹورنامنٹ کے آغاز کے قریب شیڈول یا میزبان مقامات میں تبدیلی قابلِ عمل نہیں، کیونکہ اس سے انتظامی، نشریاتی اور لاجسٹک معاملات شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بھارت میں بعض انتہاپسند گروہوں کی جانب سے دھمکیوں اور فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے باہر کیے جانے کے بعد اپنی ٹیم کو بھارت بھیجنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ بنگلادیش نے مطالبہ کیا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اس کے میچز کسی تیسرے ملک میں منتقل کیے جائیں۔

تاہم آئی سی سی نے تمام تحفظات مسترد کرتے ہوئے دوٹوک مؤقف اپنایا ہے کہ سیکیورٹی انتظامات تسلی بخش ہیں اور ورلڈ کپ شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹورنامنٹ کی تیاریوں کو حتمی مرحلے میں داخل کیا جا چکا ہے اور تمام شریک ٹیموں کو شیڈول پر عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.