نیوزی لینڈ میں عام انتخابات 7 نومبر کو ہوں گے، وزیرِ اعظم کرسٹوفر لکسن کا اعلان

0

ویلنگٹن – نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم کرسٹوفر لکسن نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات 7 نومبر کو منعقد ہوں گے۔ فرانس کے خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، وزیرِ اعظم نے بدھ کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے صحافیوں کو معیشت اور جرائم کے حوالے سے اپنی حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انتخابات کی تاریخ کا تعین جزوی طور پر ملک کے سپورٹس شیڈول کی وجہ سے بھی کیا گیا، کیونکہ یہ تاریخ ایک ماہ بعد اس وقت آتی ہے جب آل بلیکس اپنی سرزمین پر آسٹریلیا کے خلاف میچ کھیلیں گے۔

کرسٹوفر لکسن نے عزم ظاہر کیا کہ ان کی حکومت بنیادی مسائل کے حل کے اپنے منصوبے پر عمل جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد گزشتہ دو برسوں میں ملک کی سمت درست کرنے کے لیے محنت کی گئی، جس کے نتیجے میں معیشت میں بہتری، کاروباری اور صارفین کے اعتماد میں اضافہ، تعمیرات اور مینوفیکچرنگ میں ترقی، اور برآمدات میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔

گذشتہ ماہ ٹیکس پیئرز یونین/کیوریا کے سروے کے مطابق اپوزیشن لیبر پارٹی نے وزیرِ اعظم لکسن کی قدامت پسند نیشنل پارٹی پر معمولی برتری حاصل کی، جہاں لیبر پارٹی کو 31.6 فیصد اور نیشنل پارٹی کو 30 فیصد حمایت حاصل ہوئی۔ تاہم، سروے کے مطابق وزیرِ اعظم کرسٹوفر لکسن کی اتحادی حکومت اپنی اتحادی جماعتوں کی حمایت سے اقتدار میں برقرار رہے گی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.