نصرت فتح علی خان سے ملاقات میری زندگی کا روحانی معجزہ تھی: اے آر رحمان

Meeting Nusrat Fateh Ali Khan was a spiritual miracle of my life: AR Rahman

لندن — عالمی شہرت یافتہ موسیقار اور آسکر ایوارڈ یافتہ گلوکار اے آر رحمان نے کہا ہے کہ لیجنڈری پاکستانی قوال نصرت فتح علی خان سے ملاقات ان کی زندگی کا ایک غیرمعمولی اور روحانی تجربہ تھا، جو کسی غیبی مدد سے کم نہیں۔

برطانوی نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اے آر رحمان نے قوالی کے بے تاج بادشاہ نصرت فتح علی خان کی فنی عظمت اور شخصیت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان سے ملاقات ایسے محسوس ہوئی جیسے یہ سب ان کی تقدیر میں لکھا تھا۔

اے آر رحمان کے مطابق انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا کہ انہوں نے نصرت فتح علی خان کے ساتھ گانا ریکارڈ کروایا، تاہم افسوس کہ اس تاریخی ریکارڈنگ کے صرف ایک ماہ بعد نصرت صاحب اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ جب نصرت فتح علی خان ممبئی آئے تو وہ بلا جھجک ان کے کمرے میں چلے گئے، جہاں انہیں ایک ایسے لمحے کا سامنا ہوا جسے وہ اپنی زندگی کا ’’کھلا دروازہ‘‘ قرار دیتے ہیں۔

اے آر رحمان کے مطابق اس وقت رات کا تقریباً ایک بج رہا تھا، نصرت صاحب آئے، بیٹھے اور پھر جیسے سب کچھ خود بخود ہونے لگا، ہارمونیم آیا، طبلہ آیا اور انہوں نے قوالی کی باریکیاں عملی طور پر سکھائیں۔

گفتگو کے دوران میزبان کے سوال پر اے آر رحمان نے بتایا کہ اس موقع پر جو قوالی گائی گئی وہ شہرۂ آفاق کلام ’’تو کجا من کجا‘‘ تھا، جسے انہوں نے پروگرام میں گا کر بھی سنایا اور حاضرین کو مسحور کر دیا۔

اے آر رحمان کا کہنا تھا کہ نصرت فتح علی خان صرف ایک عظیم فنکار ہی نہیں تھے بلکہ ان کی موجودگی خود ایک مکمل درسگاہ تھی، جہاں سے سیکھنا کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے