لاہور — پنجاب کونسل آف دی آرٹس نے صوبے بھر کے تمام تھیٹر ہالز کو ہدایت جاری کی ہے کہ ڈراموں کے مقررہ اوقاتِ کار پر سختی سے عمل کیا جائے اور نگرانی کے لیے نصب کیمرے ہر وقت فعال رکھے جائیں۔
کونسل کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ حکمنامے میں واضح کیا گیا ہے کہ جو تھیٹر ہال ڈراموں کے مقررہ اوقات کی خلاف ورزی کرے گا یا سیکیورٹی کیمرے بند پائے گئے، اسے فوری طور پر سیل کر دیا جائے گا۔
ترجمان پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر کے تمام تھیٹرز کو اس حوالے سے وارننگ جاری کر دی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات تھیٹر انڈسٹری میں نظم و ضبط قائم رکھنے، شفاف نگرانی اور عوامی شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے کیے جا رہے ہیں، اور آئندہ دنوں میں اچانک معائنوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
