لاہور — معروف پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صوبے میں عوامی خدمات، بہتر حکمرانی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کی کارکردگی کی کھل کر تعریف کی ہے۔
صبا قمر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بہتر حکمرانی، عوامی فلاح اور ترقی کے لیے اٹھایا جانے والا ہر مثبت قدم قابلِ تحسین ہوتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ترقی صرف کسی ایک طبقے کے لیے نہیں بلکہ پوری قوم کے فائدے میں ہوتی ہے، اور وہ یہ خواہش رکھتی ہیں کہ پنجاب اور اس کے عوام کے لیے مثبت تبدیلیوں کا یہ عمل اسی رفتار سے جاری رہے۔
صبا قمر کے بیان کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاصی توجہ حاصل ہوئی، جہاں متعدد افراد نے ان کے خیالات کی حمایت کی جبکہ بعض حلقوں نے اسے موجودہ حکومت کی کارکردگی پر ایک اہم عوامی تائید قرار دیا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے حالیہ مہینوں میں صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات کے شعبوں میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں، جنہیں مختلف سماجی اور شوبز شخصیات کی جانب سے بھی سراہا جا رہا ہے۔
