چترال لوئر کے دور افتادہ علاقے دمیل میں شدید برفباری کے بعد برفانی تودہ رہائشی گھر پر گرنے سے 9 افراد جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہو گئی۔ دوسری جانب مری میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، سڑکیں بند کر دی گئیں اور حکومت نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں۔ مرنے والوں میں باچا، ان کی اہلیہ اور آٹھ بچے شامل ہیں۔ جن میں چار بچیاں اور دو بچے بھی شامل بتائے گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے میں دبے 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ایک زخمی بچی کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے بعد دروش منتقل کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں غم کی فضا قائم ہے جبکہ امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو خراب موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
