ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ دینے پر ایرانی سفیر کا پاکستان سے اظہارِ تشکر

0

تہران – پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ دینے پر حکومتِ پاکستان سے دلی تشکر کا اظہار کیا ہے۔

ایرانی سفیر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے یو این انسانی حقوق کونسل میں ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ دے کر ایران کے حق میں ایک اصولی، منصفانہ اور جرات مندانہ مؤقف اختیار کیا۔

رضا امیری مقدم نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستان کے سفارتی کردار کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے غیر منصفانہ اور سیاسی بنیادوں پر تیار کی گئی قرارداد پر ووٹنگ کا مطالبہ کر کے حق اور انصاف کا ساتھ دیا۔

ایرانی سفیر کے مطابق 12 روزہ جارحیت، بیرونی حمایت یافتہ ہنگامے اور عالمی اداروں کے غلط استعمال کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، جبکہ ایران کے خلاف سیاسی اور بلاجواز اقدامات کو مسلسل تیسری مرتبہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ایران کی حمایت انصاف، انسانی حقوق، کثیرالجہتی نظام اور قومی خودمختاری کے اصولوں سے وابستگی کی واضح عکاس ہے۔

رضا امیری مقدم نے مزید کہا کہ ایران پاکستان کی اس اصولی اور مستقل حمایت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھے گا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.