لاہور – چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا یا نہیں، اس کا حتمی فیصلہ حکومتِ پاکستان کرے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے اور کوئی ایک ملک کسی دوسرے ملک کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح پاک بھارت معاملات میں فیصلہ کیا گیا، اسی طرز پر بنگلہ دیش کے ساتھ بھی برابری کا سلوک ہونا چاہیے۔
“بنگلہ دیش ایک خودمختار اور برابر کا ملک ہے، اگر بھارت کو سہولت دی گئی ہے تو بنگلہ دیش کو بھی وہی سہولت ملنی چاہیے۔”
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اگر ڈکٹیشن کی گئی تو پاکستان کا بھی ایک واضح مؤقف ہے اور ہم اپنے مؤقف پر قائم رہیں گے۔
انہوں نے کہا:
“پہلے حکومت فیصلہ بتا دے، اس کے بعد پلان اے، پلان بی اور پلان سی سب تیار ہیں۔”
محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاکستان کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت کا فیصلہ پی سی بی نہیں بلکہ حکومت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم آئی سی سی کے نہیں بلکہ حکومتِ پاکستان کے تابع ہیں، اور جو فیصلہ حکومت کرے گی، پی سی بی اسی پر عمل کرے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ حتمی فیصلے کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی آمد کے منتظر ہیں، جس کے بعد پاکستان کا واضح مؤقف سامنے آ جائے گا۔
