البانیا کے دارالحکومت ترانا میں ہزاروں افراد حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ خبر ایجنسی کے مطابق یہ مظاہرے ملک کے نائب وزیراعظم پر کرپشن کے الزام میں فردِ جرم عائد کیے جانے کے بعد شروع ہوئے۔
مظاہرین نے وزیراعظم ایڈی راما کے دفتر کی جانب پیش قدمی کی اور بعض مقامات پر پیٹرول بم پھینکے گئے۔ احتجاج کرنے والوں کا مطالبہ ہے کہ حکومتی قیادت فوری طور پر مستعفی ہو اور الزامات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔
صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی، جس کے دوران آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق شہر کے حساس علاقوں میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔
حکام کی جانب سے تاحال جانی یا مالی نقصان سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، جبکہ سیاسی کشیدگی کے باعث ترانا میں حالات بدستور تناؤ کا شکار ہیں۔
