پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان، سلمان علی آغا کپتان مقرر

0

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کپتان سلمان علی آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر عاقب جاوید نے ٹیم کا باضابطہ اعلان کیا۔

اعلان کردہ اسکواڈ میں فہیم اشرف، خواجہ محمد نافع، محمد سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان اور عثمان طارق شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ابرار احمد، بابر اعظم، فخر زمان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان، صائم ایوب، شاداب خان اور نسیم شاہ بھی قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ فاسٹ بولر حارث رؤف کو اس مرتبہ اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب متوقع کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے اور مختلف فارمیٹس کے لیے الگ الگ کمبی نیشن ضروری ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کے حوالے سے کپتان اور کوچ دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ وہ ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ایک ہی مقام پر میچز کھیلنے سے سہولت ضرور ملتی ہے، تاہم کامیابی کے لیے معیاری کرکٹ کھیلنا ضروری ہے۔ انہوں نے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کو پرجوش اور تیار قرار دیا۔ سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ اگرچہ بابر اعظم کا حالیہ بگ بیش میں پرفارمنس تسلی بخش نہیں رہی، تاہم قومی ٹیم کے لیے ان کی کارکردگی مؤثر رہی ہے۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے عثمان خان کی ٹیم میں واپسی کے بعد کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وکٹ کیپر کا کردار بیٹنگ میں چھٹے نمبر پر ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواجہ محمد نافع کو متبادل وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جبکہ صاحبزادہ فرحان کو بھی کیپنگ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم ان پر اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں عاقب جاوید نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب کرنا سلیکٹرز کی ذمہ داری ہے، جبکہ ورلڈ کپ میں شرکت کا حتمی فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز 7 فروری سے 8 مارچ تک کھیلے جائیں گے، جبکہ پاکستان اپنی مہم کا آغاز 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کرے گا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.