ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی شمولیت کا فیصلہ جمعہ یا پیر تک متوقع: محسن نقوی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں پاکستان کی شمولیت یا عدم شمولیت کا فیصلہ جمعہ یا پیر تک ہو جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں طویل ملاقات کے بعد محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر بیان میں بتایا کہ وزیراعظم نے تمام آپشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملہ سلجھانے کی ہدایت دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی نے وزیراعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے متعلق معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بنگلادیش کو ورلڈ کپ سے باہر کیے جانے کے فیصلے پر پاکستان کے مؤقف اور احتجاجی حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے معاملہ حل کرنے اور تمام آپشنز کھلے رکھنے پر اتفاق کیا۔
محسن نقوی نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے بنگلادیش کے مؤقف کی بھرپور حمایت کی اور اس کا کیس عالمی سطح پر پیش کیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئی سی سی کو باضابطہ خط کے ذریعے احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی کے مبینہ دہرے معیار پر بھی وزیراعظم کو بریف کیا اور بتایا کہ بھارت کے لیے ایک جبکہ دیگر ممالک کے لیے مختلف قوانین لاگو کیے جاتے ہیں۔ ملاقات میں بنگلادیش کو ورلڈ کپ سے نکالے جانے کے بعد احتجاج کے مختلف آپشنز، بشمول مکمل بائیکاٹ یا پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ نہ کھیلنے کے امکانات پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اگر پاکستان 15 فروری کو کولمبو میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلے تو صرف دو پوائنٹس کٹیں گے، تاہم پاک بھارت میچ نہ ہونے کی صورت میں آئی سی سی کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہو سکتا ہے۔ محسن نقوی نے وزیراعظم کو بتایا کہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے سے زیادہ نقصان بھارت کو ہوگا، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیصلہ پاکستان اور بنگلادیش کے مفاد کو سامنے رکھ کر کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔