بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ساف فٹسال چیمپئن شپ 2026 میں شکست دے دی

0

بینکاک — ساف فٹسال چیمپئن شپ 2026 میں روایتی حریف بھارت نے ایک سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 1-5 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ قومی فٹسال ٹیم آخری میچ میں ناکامی کے باعث چوتھے نمبر پر چلی گئی۔

ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن (SAFF) کے زیرِ اہتمام تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے اپنے چھٹے اور آخری میچ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف سخت مقابلے کا سامنا رہا۔

میچ کے ابتدائی لمحات میں بھارت نے برتری حاصل کی، تاہم پہلے ہاف کے اختتام پر مقابلہ 1-1 سے برابر تھا۔ دوسرے ہاف میں بھارتی ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری منٹوں میں فیصلہ کن گول داغا اور کامیابی اپنے نام کرلی۔ اس فتح کے ساتھ ہی بھارت نے سلور میڈل بھی حاصل کرلیا۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان نے مجموعی طور پر 6 میچز کھیلے جن میں 3 میں کامیابی حاصل کی، 2 میں شکست کا سامنا کیا جبکہ ایک میچ برابر رہا۔ قومی ٹیم نے 10 پوائنٹس حاصل کیے، 20 گول اسکور کیے جبکہ اس کے خلاف 21 گول ہوئے۔

پاکستان کا ٹورنامنٹ کا آغاز مایوس کن رہا تھا، جہاں پہلے میچ میں مالدیپ نے قومی ٹیم کو 1-7 سے شکست دی۔ تاہم بعد ازاں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرے میچ میں بھوٹان کو 2-4 سے زیر کیا اور تیسرے میچ میں سری لنکا کو 2-5 سے شکست دی۔

چوتھے میچ میں پاکستان کا مقابلہ مضبوط نیپالی ٹیم سے ہوا جو 4-4 گول سے برابر رہا، جبکہ پانچویں میچ میں قومی فٹسال ٹیم نے بنگلہ دیش کو 1-5 سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن حاصل کی۔

واضح رہے کہ فائنل میچ سے قبل پاکستان اور بھارت دونوں کے 10، 10 پوائنٹس تھے، تاہم بہتر گول فرق کی بنیاد پر پاکستان تیسرے اور بھارت چوتھے نمبر پر موجود تھا۔ بھارت کی فتح کے بعد نیپال 11 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آگیا، جبکہ مالدیپ پہلے ہی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکا تھا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.