یو اے ای کا ایران پر کسی بھی حملے کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دینے کا اعلان

0

ابوظبی — متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس حوالے سے اماراتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای ایران کے خلاف کسی بھی فوجی جارحیت کے لیے اپنی زمینی، فضائی یا سمندری حدود کے استعمال کی اجازت نہیں دے گا۔

وزارتِ خارجہ نے مزید واضح کیا کہ امارات نہ تو کسی قسم کی لاجسٹک معاونت فراہم کرے گا اور نہ ہی ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی میں کسی فریق کا حصہ بنے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش رکھتا ہے اور موجودہ بحرانوں کے حل کے لیے مکالمے، سفارتی روابط اور کشیدگی میں کمی کو ناگزیر سمجھتا ہے۔

اماراتی وزارتِ خارجہ کے مطابق یو اے ای بین الاقوامی قانون کی پاسداری، ریاستی خود مختاری کے احترام اور علاقائی استحکام کو اپنی خارجہ پالیسی کی بنیادی ترجیحات قرار دیتا ہے۔

بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تنازعات کا حل طاقت کے بجائے سفارتی ذرائع سے نکالا جانا چاہیے، کیونکہ عسکری محاذ آرائی نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی سنگین نتائج کی حامل ہو سکتی ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یو اے ای کا یہ مؤقف ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے پس منظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد خود کو کسی بھی ممکنہ علاقائی جنگ سے دور رکھنا اور خلیجی استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.