ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: بنگلادیش کے بائیکاٹ کے بعد آئی سی سی کا بنگلادیشی صحافیوں کو ایکریڈیشن دینے سے انکار
ڈھاکا — بنگلادیش کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بائیکاٹ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیشی صحافیوں کو ایونٹ کی کوریج کے لیے ایکریڈیشن دینے سے انکار کر دیا ہے۔
بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا اور بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچز کے لیے کسی بھی بنگلادیشی صحافی کو ایکریڈیشن جاری نہیں کی گئی۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین امزاد حسین نے صحافیوں کو ایکریڈیشن نہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بنگلادیش سے 130 سے 150 صحافیوں نے ایونٹ کی کوریج کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔
امزاد حسین کے مطابق “جہاں تک میرے علم میں ہے بنگلادیش کے تمام صحافیوں کی ایکریڈیشن درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں۔ کئی صحافی ایسے بھی تھے جنہیں ابتدائی طور پر ایکریڈیشن جاری کر دی گئی تھی، تاہم بعد میں وہ بھی منسوخ کر دی گئیں۔”
بنگلادیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ ماضی میں اگر کوئی ٹیم ورلڈکپ میں شرکت نہ بھی کرے تو آئی سی سی عام طور پر ایسوسی ایٹ یا متعلقہ رکن ممالک کے صحافیوں کو ایکریڈیشن فراہم کرتی رہی ہے، تاہم اس مرتبہ بنگلادیشی صحافیوں کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا۔
اس صورتحال پر بنگلادیش کی اسپورٹس جرنلسٹس تنظیموں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد اس معاملے پر متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حالات کشیدہ رہے تو پاکستان بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر غور کر سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔