ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بنگلہ دیش کی حمایت پر بی سی سی آئی کا پاکستان پر سنگین الزام

0

نئی دہلی — بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے معاملے پر بنگلہ دیش کی حمایت کرنے پر پاکستان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بلاجواز اس معاملے میں مداخلت کر رہا ہے اور بنگلہ دیش کو بھارت نہ جانے پر اکسا رہا ہے۔

بھارتی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے راجیو شکلا نے کہا کہ بھارت بنگلہ دیشی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے خوش آمدید کہنا چاہتا تھا اور اس مقصد کے لیے مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو واضح طور پر بتایا تھا کہ بھارت میں ٹیم کو کسی قسم کے سیکیورٹی یا انتظامی مسائل کا سامنا نہیں ہوگا۔

راجیو شکلا کے مطابق “ہم نے بنگلہ دیش بورڈ کو یقین دلایا تھا کہ بھارت میں انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، تاہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ہمیں بتایا کہ ان کی حکومت نے ٹیم کو بھارت بھیجنے کی اجازت نہیں دی۔”

بی سی سی آئی نائب صدر نے کہا کہ بنگلہ دیش کی جانب سے آخری وقت میں ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کے فیصلے کے باعث پورے شیڈول میں تبدیلی ممکن نہیں تھی، جس کے نتیجے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو متبادل کے طور پر اسکاٹ لینڈ کو گروپ میں شامل کرنا پڑا۔

راجیو شکلا نے پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بغیر کسی جواز کے اس معاملے میں کود پڑا ہے اور بنگلہ دیش کو بھارت نہ جانے پر اکسا رہا ہے۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ پاکستان بنگلہ دیش کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو ان کے بقول “سراسر غلط اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل” ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی ورلڈ کپ سے علیحدگی اور اس کے بعد اسکاٹ لینڈ کی شمولیت کے فیصلے پر خطے میں سیاسی اور کرکٹ سفارتی کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ اس معاملے پر مختلف ممالک اور کرکٹ حلقوں کی جانب سے متضاد ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.