ہیدر آباد — بھارتی ریاست تلنگانہ میں اب صرف وہ صحافی اپنی گاڑیوں یا موٹر سائیکلوں پر پریس یا پریس ٹی وی کا لوگو لگا سکیں گے جن کے پاس حکومت کی جانب سے جاری شدہ سرکاری ایکریڈیٹیشن کارڈز موجود ہوں۔
ریاستی محکمہ اطلاعات و عوامی رابطہ نے نئے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنٹرل موٹر وہیکل ایکٹ 1989 کے تحت بغیر اجازت گاڑیوں یا نمبر پلیٹس پر پریس کا نشان لگانا غیر قانونی ہے۔
حکام کے مطابق، گزشتہ دنوں متعدد شکایات موصول ہوئیں کہ کچھ افراد نجی اداروں کے جاری کردہ شناختی کارڈز کے ذریعے لوگو غلط طریقے سے استعمال کر رہے تھے۔ اس پیش نظر حکومت نے نئے قواعد نافذ کیے ہیں تاکہ جعلی صحافیوں کی شناخت روکی جا سکے اور حقیقی صحافیوں کو باقاعدہ پہچان دلائی جا سکے۔
محکمہ اطلاعات کے کمشنر نے ریاست بھر کے تمام ضلعی عوامی رابطہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے قوانین پر سختی سے عمل کروائیں۔ ان افراد کے لیے جو سرکاری اکریڈیٹیشن کے بغیر پریس لوگو استعمال کریں، قانونی کارروائی اور جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
نئے احکامات کے مطابق، جو صحافی سرکاری اکریڈیٹیشن کے حامل نہیں ہیں، انہیں فوری طور پر اپنی گاڑیوں سے پریس لوگو ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف صحافیوں کی حقیقی پہچان میں اضافہ ہوگا بلکہ جعلی صحافیوں اور غیر قانونی نشانات کے استعمال پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔
