ریاض — سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے نئی مہم ’جائی للعمرہ‘ (عمرہ روانگی) کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد عمرہ زائرین کو خدمات، رہنما اصولوں اور مناسب طرز عمل کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ مہم عمرہ زائرین کے تجربے کو بہتر بنانے اور ویژن 2030 کے اہداف کے مطابق ماہ رمضان کے عمرہ سیزن کی تیاریوں کا حصہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق رواں برس 1447 ہجری کے آغاز سے اب تک بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد ایک کروڑ 18 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جو رمضان کے دوران مملکت میں سب سے زیادہ زائرین کے آنے کی توقع کے پیشِ نظر اہم ہے۔
مہم کے تحت زائرین کو مملکت میں آمد سے لے کر محفوظ واپسی تک کے تمام مراحل میں اہم معلومات اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ اس میں ایئرپورٹ، بارڈر کراسنگ، ٹرانسپورٹ سٹیشنز، حرمین شریفین کے رہائشی مراکز اور تاریخی و ثقافتی مقامات شامل ہیں۔ معلومات چھ سے زیادہ زبانوں میں دستیاب ہوں گی تاکہ زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق مہم رمضان کے اختتام تک جاری رہے گی اور اس کے ذریعے عمرے کے سفر کو زیادہ آسان اور منظم بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
