بنگلہ دیش نے چٹاگانگ میں انڈین اکنامک زون منسوخ کر کے دفاعی صنعتی پارک بنانے کا فیصلہ کر لیا
ڈھاکہ / چٹاگانگ – بنگلہ دیش حکومت نے چٹاگانگ میں مجوزہ انڈین اکنامک زون منصوبے کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس کی جگہ دفاعی صنعتی پارک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق، یہ فیصلہ بنگلہ دیش اکنامک زونز اتھارٹی (BEZA) کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں چیف ایڈوائزر محمد یونس نے شرکت کی۔ ایگزیکٹو چیئرمین چوہدری عاشق محمود بن ہارون نے پیر کو ڈھاکہ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اس فیصلے کے بعد چٹاگانگ میں بھارت کے منصوبے کے لیے مختص کردہ زمین اب دفاعی صنعتی پارک کے لیے استعمال کی جائے گی۔
چوہدری عاشق محمود نے مزید وضاحت کی کہ عالمی تنازعات کی موجودہ صورتحال میں، صرف جدید لڑاکا طیاروں کی کمی نہیں بلکہ بنیادی دفاعی آلات کی عدم موجودگی بھی بڑے بحران پیدا کر سکتی ہے۔ اس لیے مقامی سطح پر ایسے آلات تیار کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا ضروری ہے۔